ڈیجیٹل دور میں پاپ سائیکالوجی(Pop Psychology): مقبول اصطلاحات اور ان کے اثرات

آج کے ڈیجیٹل دور میں جہاں ٹک ٹاک پر تھراپسٹ اور انسٹاگرام پر ذہنی صحت سے متعلق معلوماتی پوسٹس عام ہو چکی ہیں، وہیں پاپ سائیکالوجی (Pop Psychology) یعنی نفسیات سے متعلق عام اور مقبول معلومات کا رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ خاص طور پر جنریشن زیڈ (Gen Z) اور جنریشن الفا (Gen Alpha) اپنی ذہنی اور جذباتی کیفیت بیان کرنے کے لیے نفسیات کی بہت سی نئی اصطلاحات استعمال کر رہے ہیں۔

یہ بدلتی ہوئی زبان ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ آخر ان مقبول اصطلاحات نے ذہنی صحت کو سمجھنے کے ہمارے انداز کو کس حد تک بدل دیا ہے؟

عام گفتگو میں نفسیاتی اصطلاحات

سوشل میڈیا پر ہمیں روزانہ بہت سی نفسیاتی اصطلاحات سننے اور پڑھنے کو ملتی ہیں، جیسے “ٹراما ڈمپنگ” (Trauma Dumping)، “ایموشنل بینڈوِڈتھ” (Emotional Bandwidth) اور “باؤنڈریز سیٹ کرنا” (Setting Boundaries)۔

یہ اصطلاحات پیچیدہ نفسیاتی تصورات کو آسان انداز میں سمجھنے میں مدد دے سکتی ہیں، لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب انہیں ضرورت سے زیادہ سادہ بنا دیا جائے یا ہر صورتِ حال پر لاگو کیا جانے لگے۔

نفسیات کی پروفیسر،(Dr. Inna Kanevsky) ڈاکٹر اِنّا کانیفسکی، جو ٹک ٹاک پر ذہنی صحت سے متعلق غلط فہمیوں کی وضاحت کرتی ہیں، اس بات پر زور دیتی ہیں کہ بعض نفسیاتی اصطلاحات اتنی بے احتیاطی سے استعمال کی جاتی ہیں کہ آخرکار وہ اپنا اصل طبی اور نفسیاتی مفہوم کھو دیتی ہیں۔

ٹک ٹاک اور پاپ سائیکالوجی

ٹک ٹاک مقبول نفسیاتی خیالات اور اصطلاحات کے پھیلاؤ کا ایک بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔ #MentalHealthAwareness جیسے ہیش ٹیگز کو اربوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

اس کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ ذہنی صحت کے مسائل کے بارے میں لوگوں میں شعور بڑھ رہا ہے اور ان مسائل سے جڑا شرمندگی اور بدنامی کا احساس کم ہو رہا ہے۔

لیکن اس کے ساتھ کچھ خطرات بھی موجود ہیں۔

مثلاً “پرسنالٹی میکسنگ” (Personality-maxxing) ایک ایسی اصطلاح ہے جس سے مراد اپنی شخصیت اور رویوں کو اس طرح بہتر بنانے کی کوشش کرنا ہے کہ سماجی زندگی میں زیادہ کامیابی حاصل ہو۔

اسی طرح “مین کریکٹر انرجی” (Main Character Energy) کا تصور لوگوں کو اپنی زندگی کو اس طرح دیکھنے کی ترغیب دیتا ہے جیسے وہ کسی فلم کے مرکزی کردار ہوں۔

یہ سوچ خود اعتمادی بڑھانے میں مددگار ہو سکتی ہے، لیکن اگر حد سے بڑھ جائے تو انسان میں خود کو ضرورت سے زیادہ اہم سمجھنے کا رجحان پیدا کر سکتی ہے اور زندگی سے غیر حقیقی توقعات بھی وابستہ ہو سکتی ہیں۔

سوشل میڈیا سے خود تشخیص کا خطرہ

جنریشن زیڈ اور جنریشن الفا میں ذہنی صحت اور نفسیاتی مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر انحصار بڑھ رہا ہے۔

“نیورو ڈائیورجینٹ” (Neurodivergent)، “ہائی فنکشننگ اینگزائٹی” (High-functioning Anxiety) اور “ریجیکشن سینسیٹو ڈسفوریا” (Rejection Sensitive Dysphoria) جیسی اصطلاحات آن لائن بہت مقبول ہو چکی ہیں۔

ذہنی صحت کے بارے میں بڑھتا ہوا شعور لوگوں کو ضرورت پڑنے پر ماہرین سے مدد لینے کی طرف راغب کر سکتا ہے، لیکن صرف سوشل میڈیا کی ویڈیوز دیکھ کر خود کو کسی ذہنی بیماری کا شکار سمجھ لینا خطرناک ہو سکتا ہے۔

ماہرِ نفسیات(Dr. Julie Smith) ڈاکٹر جولی اسمتھ، جن کے ٹک ٹاک پر لاکھوں فالوورز ہیں، اس بات پر زور دیتی ہیں کہ 60 سیکنڈ کی ویڈیو کسی مکمل نفسیاتی تشخیص کا متبادل نہیں ہو سکتی۔

درست تشخیص کے لیے ماہرِ نفسیات یا کسی مستند پیشہ ور سے مشورہ ضروری ہے۔

مردانگی اور جذبات کا اظہار

سوشل میڈیا پر “ٹاکسک میسکولینٹی” (Toxic Masculinity) اور “ایموشنل ریپریشن” (Emotional Repression) جیسی اصطلاحات بھی زیادہ عام ہو رہی ہیں۔

یہ تصورات اس بات پر توجہ دلاتے ہیں کہ معاشرے کی بعض توقعات ذہنی صحت پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔

خصوصاً مردوں پر بعض اوقات یہ دباؤ ہوتا ہے کہ انہیں ہمیشہ مضبوط، سخت اور بے خوف نظر آنا چاہیے اور اپنے جذبات ظاہر نہیں کرنے چاہئیں۔

ایسی گفتگو لوگوں کو یہ سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے کہ جذبات کا اظہار کمزوری نہیں بلکہ انسانی فطرت کا حصہ ہے، اور اپنے احساسات کے بارے میں بات کرنا ذہنی صحت کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔

“گیس لائٹنگ” — ایک مقبول مگر سنجیدہ اصطلاح

“گیس لائٹنگ” (Gaslighting) ایسی صورتِ حال کو کہتے ہیں جس میں کوئی شخص بار بار دوسرے انسان کو اس کی اپنی یادداشت، احساسات یا حقیقت کے بارے میں شک میں مبتلا کرنے کی کوشش کرے۔

آج کل یہ اصطلاح خاص طور پر رومانوی تعلقات اور دوستیوں کے حوالے سے بہت استعمال ہوتی ہے۔

اس اصطلاح کی مقبولیت لوگوں کو جذباتی طور پر نقصان پہنچانے والے رویوں کو پہچاننے اور ان کے بارے میں بات کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

لیکن دوسری طرف، اگر ہر معمولی اختلاف یا بحث کو “گیس لائٹنگ” کہا جانے لگے تو اس اصطلاح کی اصل سنجیدگی اور اہمیت کم ہو سکتی ہے۔

“ٹاکسک پروڈکٹیوٹی” اور ہر وقت خود کو بہتر بنانے کی دوڑ

نوجوانوں میں “ٹاکسک پروڈکٹیوٹی” (Toxic Productivity) کی اصطلاح بھی مقبول ہو رہی ہے۔ اس کے ذریعے اس سوچ پر سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ انسان کو ہر وقت کام کرتے رہنا، مصروف رہنا اور خود کو مسلسل بہتر بناتے رہنا چاہیے۔

اسی کے ساتھ “ڈوپامین ڈیٹاکس” (Dopamine Detox) اور “ٹائم بلائنڈنس” (Time Blindness) جیسی اصطلاحات بھی عام ہو رہی ہیں۔

یہ رجحان بتاتا ہے کہ لوگ اپنی ذہنی کارکردگی اور وقت کے استعمال کو بہتر بنانے کے لیے کتنے فکر مند ہیں۔

ایک طرف زندگی میں توازن پیدا کرنے کی کوشش اچھی بات ہے، لیکن دوسری طرف ہر وقت اپنے رویوں، عادات اور ذہنی کیفیت کا تجزیہ کرتے رہنا خود ذہنی تھکن کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

رشتوں کی دنیا میں نفسیاتی اصطلاحات

پاپ سائیکالوجی نے رشتوں اور محبت کے بارے میں بات کرنے کے لیے بھی بہت سی نئی اصطلاحات عام کر دی ہیں۔

“سچویشن شپ” (Situationship)، “لو بمبنگ” (Love Bombing) اور “اٹیچمنٹ اسٹائلز” (Attachment Styles) اب عام طور پر رشتوں اور ڈیٹنگ کی گفتگو کا حصہ بن چکے ہیں۔

یہ اصطلاحات بعض اوقات ہمیں اپنے تعلقات اور رویوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں، لیکن ان کا ضرورت سے زیادہ استعمال ہر معمولی اتار چڑھاؤ کو کسی نفسیاتی مسئلے یا مخصوص “لیبل” میں تبدیل کر سکتا ہے۔

ہر رشتے میں اختلاف، فاصلے، قربت اور جذبات میں تبدیلی لازماً کسی نفسیاتی مسئلے کی علامت نہیں ہوتی۔

سوشل میڈیا کی شخصیات سے جذباتی وابستگی

“پیرا سوشل ریلیشن شپ” (Parasocial Relationship) سے مراد ایسی یک طرفہ جذباتی وابستگی ہے جو کسی شخص کو کسی مشہور شخصیت، انفلوئنسر یا میڈیا کی شخصیت سے ہو سکتی ہے۔

آج کے دور میں، جب انفلوئنسرز اور آن لائن شخصیات ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہیں، اس تصور کو سمجھنا بہت اہم ہے۔

اس سے ہمیں یہ سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے کہ آن لائن نظر آنے والی شخصیت اور حقیقی زندگی کے انسان میں فرق ہوتا ہے، اور ہمیں آن لائن تعلقات کی حدود کو سمجھ کر چلنا چاہیے۔

پاپ سائیکالوجی کے مثبت اثرات

مقبول نفسیاتی اصطلاحات اور خیالات کے پھیلاؤ کے کئی مثبت پہلو بھی ہیں۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سے ذہنی صحت کے بارے میں شعور بڑھا ہے اور ذہنی مسائل سے جڑا خوف اور شرمندگی کم ہوئی ہے۔

اس نے لوگوں کو اپنے جذبات اور تجربات کے بارے میں بات کرنے کے لیے ایک مشترکہ زبان بھی فراہم کی ہے۔

بہت سے لوگ اب اپنے ذہنی مسائل کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہیں، ضرورت پڑنے پر ماہرین سے مدد لیتے ہیں اور یہ محسوس کرتے ہیں کہ وہ اپنی مشکلات میں اکیلے نہیں ہیں۔

اپنے جذبات اور عام انسانی تجربات کو سمجھنا اور انہیں معمول کا حصہ تسلیم کرنا بھی بہت سے لوگوں کے لیے اطمینان کا باعث بن سکتا ہے۔

لیکن کچھ خطرات بھی ہیں

اس رجحان کا دوسرا پہلو بھی ہے۔

پیچیدہ نفسیاتی تصورات کو حد سے زیادہ آسان بنا دینا غلط تشخیص، غلط فہمی اور نامناسب خود علاج کا سبب بن سکتا ہے۔

اسی طرح ہر وقت اپنے جذبات، رویوں اور شخصیت کا تجزیہ کرتے رہنا بعض لوگوں میں بے چینی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔

ایک اور خطرہ یہ ہے کہ عام انسانی جذبات اور حقیقی طبی یا نفسیاتی مسائل کے درمیان فرق دھندلا جائے۔

مثلاً کبھی کبھار اداس ہونا، پریشان ہونا، غصہ آنا یا کسی کام میں دل نہ لگنا لازماً کسی ذہنی بیماری کی علامت نہیں ہوتا۔

ضرورت ہے توازن کی

جیسے جیسے پاپ سائیکالوجی کا رجحان بڑھ رہا ہے، سب سے اہم ضرورت رسائی اور درست معلومات کے درمیان توازن پیدا کرنا ہے۔

ذہنی صحت کے ماہرین بھی سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے سائنسی اور مستند معلومات عام کر رہے ہیں اور غلط معلومات کی اصلاح کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس سے یہ یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے کہ ذہنی صحت کے بارے میں ہونے والی گفتگو صرف مقبول رجحانات پر نہیں بلکہ سائنسی معلومات پر بھی مبنی ہو۔

سوشل میڈیا پر نفسیات پڑھتے وقت کیا کریں؟

جب ہم سوشل میڈیا پر ذہنی صحت سے متعلق مواد دیکھیں تو ہمیں تنقیدی سوچ سے کام لینا چاہیے۔

ہمیں خود سے سوال کرنا چاہیے:

یہ معلومات کس نے دی ہیں؟

کیا وہ شخص اس شعبے کا ماہر ہے؟

کیا اس دعوے کے پیچھے قابلِ اعتماد سائنسی شواہد موجود ہیں؟

کیا مختلف ماہرین بھی یہی بات کہتے ہیں؟

کیا مجھے اپنی صورتِ حال کے بارے میں کسی مستند ماہر سے مشورہ کرنا چاہیے؟

سوشل میڈیا ذہنی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور گفتگو شروع کرنے کا ایک مفید ذریعہ ہو سکتا ہے، لیکن یہ ماہرِ نفسیات یا کسی مستند طبی پیشہ ور کی رہنمائی کا متبادل نہیں ہے۔

اختتامیہ

نوجوان نسل میں ذہنی صحت، جذبات اور خود کو سمجھنے میں بڑھتی ہوئی دلچسپی نے پاپ سائیکالوجی کو تیزی سے مقبول بنایا ہے۔

یہ نئی اصطلاحات ہمیں اپنے جذبات اور تجربات کو بیان کرنے کے لیے ایک نئی زبان فراہم کرتی ہیں۔ لیکن ہر مقبول اصطلاح کو اپنی زندگی پر فوراً لاگو کرنا بھی درست نہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان اصطلاحات اور خیالات کو دلچسپی کے ساتھ سنیں، لیکن سمجھ بوجھ اور احتیاط کے ساتھ قبول کریں۔

اگر ہم سوشل میڈیا سے ملنے والی نفسیاتی معلومات کو شعور بڑھانے کے ایک ذریعہ کے طور پر استعمال کریں، نہ کہ خود تشخیص کا ذریعہ بنائیں، تو پاپ سائیکالوجی ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی اور بہتر دیکھ بھال کی طرف ایک پل بن سکتی ہے۔

لیکن یہ پل کبھی بھی مستند پیشہ ورانہ رہنمائی کا متبادل نہیں بننا چاہیے–

مصنف:

(Team Ummeed De-addiction and Rehab Centre,Bangalore)

ٹیم اُمید ڈی ایڈکشن اینڈ ری ہیب سینٹر، بنگلورو

اردو ترجمانی:

سیدہ افراشیم عثمانی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *